خوشاب۔ ۔۔۔کرسچیئن پروگریسو موومنٹ پاکستان کی چیئر پرسن محترمہ نائلہ جے دیال نے کہا ہے کہ پاکستان کو استحکام دینے اور اس کی سربلندی کے لئے اقلیتیوں کی جدوجہد مسلمان بھائی سے کسی طرح بھی کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا وقار ملک کی اقلیتی برادری جو جان سے عزیز ہے تاکہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خوشاب کے مسیحی راہنمائوں کے وفد سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت سی پی ایم سرگودھا کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر سمیر چوہدری نے کی جبکہ دیگر ارکان میں ڈاکٹر شاہد گل‘ قیصر اقبال بھٹی‘ منور خان‘ جاوید غوری‘ جمیل آصف‘ شوکت غوری عظیم بھٹی شامل تھے۔ چیئر پرسن نائلہ جے دیال نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اقلتییں مشکلات اور پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ کرسچیئن برادری پر زور دیا کہ وہ تمام تر تعصبات سے بالاتر ہو کر وطن عزیز کو لاحق دہشت گردی‘ فرقہ وارایت اور بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے اپنے اپنے علاقہ میں مثبت کردار ادا کریں تاکہ ملک و قوم کی بہتری کے لئے ذمہ داری نبھائی جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحیوں کی صحیح انداز میں مردم شماری کی جائے تاکہ علاقائی لحاظ سے انتخابی حلقہ بندیوں کو وجود میں لایا جا سکے۔ اس موقع پر وفد نے کرسچیئن پروگریسو موومنٹ پاکستان کی چیئرپرسن کو ناصر باغ لاہور میں کامیاب جلسہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں ضلع خوشاب کے دورہ کی باقاعدہ دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے بہت جلد ضلع خوشاب کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
No comments:
Post a Comment
Please comment here for us.