پنجاب مائینز اینڈ منرل کارپوریشن کے منیجر غلام رضانے مائننگ رولز 2002کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی زرعی اراضی کو تباہ و برباد کردیا ، تفصیلات کے مطابق کارپوریشن جو کہ ایک نیم سرکاری ادارہ ہے ضلع خوشاب میں مائننگ کے حوالے سے شدید قسم کی بے قاعدگیوں کی وجہ سے سینکڑوں ایکٹر زمین کو بنجر اور شور زدہ کررہاہے اب تک جو علاقے زرعی حوالے سے ناکارہ ہوچکے ہیں ان میں کٹھہ سگھرال، ڈھوک سنادھا، ڈھوک بکھوال ، یونین کونسل دائیوال ، تلوکر ، راجڑاور ان کے علاوہ سینکڑوں چھوٹے چھوٹے مواضعات شامل ہیں ، معززین علاقہ جن میں صوبیدار ملک جہانگیر سنادھا، صوبیدار ملک محمد ریاض، ملک مظہر سنگھا، محمد یعقوب پڑھال دائیوال، کرنل ملک عبدالغفور دائیوال ، کرنل اے کے اعوان دائیوال، میجر ساجد آف دائیوال و دیگر تمام سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مقامی زمین داروںاور کاشتکاران حضرات نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو گبھر سنگھ سمجھنے والا کارپوریشن کا منیجر غلام رضا اور سپر وائزر مظہر نیازی ہمارے علاقے میں زرعی زمینوں پر موت کے فرشتے بن کرموجود ہیں ، کیونکہ ان دونوں حضرات کی ملی بھگت سے عرصہ پانچ سال سے انسانی صحت اور زرعی زمینوں کے لئے خطرناک فاضل معدنی مادے پہاڑی ندی نالوں اور چشموں کے راستے پرپھینک دئیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ بھر کی زرعی زمینیں شور زدہ ہوکر ناقابل کاشت ہوچکی ہیں ، انھوں نے بتایاکہ اس سے قبل ان ہی زمینوںپر بیش قیمت اور نقدآور فصلیں جن میں کپاس، چنے، گندم ، مکئی ، مونگ پھلی، وغیر ہ اگتی تھی۔انھوں نے کہا کہ موصوف نے فاضل مادوں کو ڈمپ کرنے اور ری سائیکل کرنے کے لئے پنجاب حکومت سے لاکھوں روپے کا فنڈلیا ہے مگر اپنے عملے کے ساتھ مل کر خرد بر د کرلیا ہے ، جس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔ معزز ین علاقہ نے کہا کہ مذکورہ منیجر عرصہ پندرہ سال سے اس علاقہ میں تعینات ہے اور اپنی دھونس دکھانے کے لئے اکثر وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے تعلقات اور ملاقاتوں کے من گھڑت قصے سنا سنا کر سادہ لوح زمین داروںکو مرغوب کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے ، انھوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ منیجر اور اس کے کرپٹ عملہ کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ورنہ جن زمین داروں کی زمینیں اس کی غلط حکمت عملی اور کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوچکی ہیں وہ ہر قسم کا راست اقدام کرنے میں حق بجانب ہیں
No comments:
Post a Comment
Please comment here for us.