Pages

Friday, October 07, 2011

07-10-2011

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے صدر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت موجودہ بحرانوں پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ آئے روز بجلی‘ پٹرول اور گیس کے نرخوں کو بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا جا رہا ہے اور وفاقی حکومت ملک کے 18کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں وہ اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے سب اچھا ہے کی رٹ لگائے رکھی ہے جبکہ نالائق حکومت کے وزیر اور مشیر ملکی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی خود ساختہ مہنگائی کے ہاتھوں خود کشیاں روزانہ کا معمول بن چکی ہیں مگر کرپٹ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں انھوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی عوام ان کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہو کر ملک میں ان کرپٹ حکمرانوں کا محاسبہ کیا جا سکے۔

خوشاب(سٹاف رپورٹر)ضلع خوشاب کے نواحی مواضعات ، چکوک ، قصبہ جات میں ٹی بی کا مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا جبکہ اس قومی سطح پر اس کو کنٹرول کرنے کے لئے مختص کیا گیا کروڑوں روپے کا فنڈخرد برد کی نظر ہوگیا ۔ڈاکٹر رائوگلزار اپنی ایک مخصوص لابی کے ساتھ مل کر ٹی بی کنٹرول کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ میںآنے والے معزز مہمان کو ایک مخصوص گروپ کے سامنے خطاب کروا کر اور ان میں ٹی بی پروگرام کا فنڈز کو ریوڑیوں کی طرح تقسیم کردیتا ہے اور کاغذوں کا پیٹ بھرنے کے لئے سب اچھا ہے کی رپورٹ حکام بالا کو ارسال کردی جاتی ہے ، ضلع بھر میں ٹی بی کے ایسے بے شمار مریض موجود ہیں جن کو اس بات کا علم ہی نہیںکہ ان کے نام پر لاکھوں کے فنڈز کھائے جارہے ہیں۔ عوامی حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ ٹی بی پروگرام کے تحت صرف فوٹو سیشن کی حد تک ہی کاروائی عمل میںلائی جاتی ہے

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)ڈی سی او خوشاب گلزار حسین شاہ نے ضلع بھر میں بند کئے گئے سروس اسٹیشنوں کو دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیدی چند روز قبل ڈینگی وائرس کے خطرات کے پیش نظر ضلع بھر کے سروس سٹیشنوں کو بند کر دیا گیا تھا ڈی سی او نے اس سلسلہ میں سروس سٹیشن مالکان کی 4رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے  یہ کمیٹی ڈی سی او خوشاب نے سروس سٹیشنوں کے مالکان کے ایک وفد کے دوران تشکیل دی ۔ ڈی سی او خوشاب نے کہا کہ یہ کمیٹی سروس اسٹیشنوں پر جا کر معائنہ کرے گی ۔ ڈی سی او خوشاب گلزار حسین شاہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ احکامات پر ڈینگی مکائو مہم تیزی سے جاری ہے ضلع بھر میں پرائس شاپس‘ پٹرول پمپس ‘ سروس اسٹیشن‘ ویگن سٹینڈ پر چیکنگ ٹیمیں اپنا اپنا ٹاسک مکمل کر رہی ہیں اور کھلے احاطوں میں رکھے گئے ٹائروں کو فوری طور پر دوکانوں اور گوداموں کے اندر محفوظ کرنے کیلئے شاپس مالکان کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ان میں صاف پانی جمع نہ ہونے پائے جس سے ڈینگی مچھر کی پرورش کا خدشہ ہو۔ علاوہ ازیں تمام ٹائر شاپس کی چیکنگ اور سپرے کا عمل جاری ہے۔ ڈی سی او خوشاب نے کہا کہ اگر ٹائر شاپس کے مالکان نے ٹائروں کو گوداموں میں نہ رکھے تو ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

خوشاب(سٹاف رپورٹر)محکمہ مال کے پٹواری محمد اسلم ممک نے اپنے بیان میں کہا کہ پرت سرکار تحصیل دار کی ذمہ دار ی ہوتا ہے انتقال نمبر 3849مورخہ 1992کی پہلی تاریخوں میں تھا جبکہ اس وقت میں موضع مٹھہ ٹوانہ جنوبی تعینات نہ تھا۔ جبکہ مشتاق چاہل نے جعلی کاروائی کرکے پرت پٹوار لگایا ، جبکہ پرت سرکار تحصیل میں جمع نہ کرایا گیا ۔ حالانکہ یہ ذمہ داری تحصیل دار کی ہوتی ہے کہ وہ پرت سرکار کی نگرانی کرے اب میرے خلاف مختلف اور طرح طرح کی بے بنیاد خبریں چھپوائی جارہی ہیں جس کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہ ہے 

نور پور (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل نور پور تھل کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت صدر محمد ناصر پڑھیار منعقد ہوا جس میں تحصیل نور پور کی تمام یونین کونسلز کے عہدے داران اور ٹائون عہدے داران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلعی سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد اختر نے خصوصی طور پر شرکت کی ،اجلاس میں ضلعی صدر حاجی ظل حسنین ملک کے تحصیل نور پور سٹی ٹائون یونین کونسلز کے عہدے داران سے ناروا سلوک اور آئے روز نوکریوں اور علاقائی ڈوپلمنٹ کے نام پر جھوٹ بولنے ، کرپشن کرنے ، عہدوں کی بند ر بانٹ اور پارٹی مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے پر تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی گئی ۔ جس کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔ اور فیصلہ کیا گیا کہ جب تک ضلعی صدر ظل حسنین کو ان کے عہدے سے برخواست نہیں کیا جاتا ،اس وقت تک ہم اپنے عہدوں پر کام نہیں کریں گے ،

قائدآباد (سٹاف رپورٹر) قائد آباد کے موضع اتراء کی لیڈی ہیلتھ ورکر کی درخواست پر تھانہ قائد آباد نے پانچ ملزمان کے خلاف گینگ ریپ کرنے پر مقدمہ کا اندراج کرلیا ، تفصیلات کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکر پروین اختر نے درخواست دی تھی کہ چارافراد مالک داد کچھیلا ، محمد زمان سلہال ، ظفر اقبال ، محمد وارث کچھیلا نے زنا بالجبر کا ارتکاب کیاہے اور موبائل اور نقدی چھین لی ہے جس پرپولیس تھانہ قائد آباد نے ملزمان کے خلاف 376ت پ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے 

قائدآباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن)شمار کے سر گرم رکن شاہ جہان نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) عوامی بقاء وحقوق کی عملی طور پر جنگ لڑرہی ہے ،آنے والا دور حکمرانی مسلم لیگ (ن) ہی کا ہو گا 17 کر وڑ عوام میاں نواز شریف کی شدت سے منتظر ہے ، ملک کے میاں نواز شریف اصول وباصلاحیت سلجھے ومنجھے ہوئے باوقار سیاستدان اور پالیسی دان ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ آج عوام میں مقبول تر مقبول ہوتے جارہے ہیں ، انہوں نے کہا ہے کہ سیا سی پارٹیوں کے  قائد ین میاں نواز شریف اور وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کی عوامی بڑھتی ہو ئی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)  کی قیادت نے ہمیشہ سے ملکی سالمیت اور دفاع کی خاطر قربانی دی ہے ،جسکی وجہ سے آج ملک دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی کی بجائے حوصلہ شکنی ہوئی ہے اوروہ خاموشی کا روپ دھار گیا ہے ، 

قائدآباد (سٹاف رپورٹر) پریس کلب قائدآباد کا اجلاس عطاء محمد خالد کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف حلقہ پی پی40کے پی سی او اکرم خان نیازی کے بیٹے کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے انکے لئے دعائے مغفرت کی ،اجلاس میں ظفر اقبال اعوان،نعمت اللہ مسعود،نوید ورک،محسن لطیف،امیر حمزہ،سید ارشاد احمد دانش ،حاجی ارشد محمود،مزمل شاہ،عبدالمالک،عبدالجبار بھٹی،علم الدین سالک،جاوید اقبال بنگش،سید کوثر شاہ ہمدانی،ملک ظفر اقبال اترائ،ملک فیض الہی زیلدار میاں افتخار عالم اور چوہدری قیصر جمیل نے شرکت کی

قائدآباد (سٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم تحصیل قائدآبادانچارج کو فراڈ کیس سے بری کر دیا گیا تفصیلا ت کے مطابق سینئر سول جج شکیل سپراء نے کیس کی سماعت مکمل ہو نے پر کیس کا فیصلہ سنا تے ہو ئے تحصیل انچارج ایم کیو ایم قائدآباد حیات خان کو  دو ماہ قبل پولیس تھانہ قائد آبادمیں بنائے جانے والا فراڈ کیس میں سے باعزت کیس سے بری کر دیا،


جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)علامہ شاہ احمد نورانی ریسرچ سنٹر پاکستان کے چیئرمین مولانا ملک محبوب الرسول قادری نے خوشاب اور میانوالی کا نتظیمی دورہ مکمل کر لیا انھوں نے میانوالی میں مجاہد ملت کمپلیکس کے چیئرمین حاجی عطا اﷲ خان روکھڑی‘ بندیال شریف میں جامعہ مظہریہ امدادیہ بندیال شریف کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ پروفیسر محمد ظفر الحق بندیالوی‘ ڈاکٹر محمد انوار الحق بندیالوی‘ آستانہ عالیہ شاہ والا شریف میں علامہ صاحبزادہ محمد اسماعیل فقیر الحسنی ‘ جوہرآباد میں ادارہ صوت القرآن کے سربراہ پروفیسر قاری محمد مشتاق انور‘ قومی اسمبلی کے رکن ملک شاکر بشیر اعوان‘  ثناء خوان  ارمغان سرور‘ ابوہریرہ انور‘ غلام حسین شاکر سے ملاقاتیں کر کے 11اکتوبر کو صبح دس بجے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں منعقد ہونے والی انوار رضا کے ’’سفیر اسلام نمبر‘‘ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی دعوت دی واضح رہے کہ اس تقریب کی صدارت قائد اہلسنت مولانا شاہ احمد نورانیؒ کے فرزند صاحبزادہ شاہ اویس نورانی کریں گے جبکہ قومی اسمبلی کے سابق رکن اور جے یو پی کے سربراہ علامہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر اور علامہ قاری محمد زوار بہادر مہمانِ خصوصی ہونگے اس موقع پر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)پاسبان ویلفیئر سوسائٹی ضلع خوشاب کے زیر اہتمام میاں عمران احمد اینڈ ساجد شاہ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ ینگ فائٹر کلاسک کرکٹ گرائونڈ جوہرآباد زور و شور سے جاری ہے چیف آرگنائزر ٹرنامنٹ ملک حیدر علی اعوان نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں سرگودھا ڈویژن کے بڑے کرکٹ کلبز نے حصہ لیا ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ 5 اور 6اکتوبر کو کھیلے جائیں گے اور فائنل میچ7اکتوبر کو کھیلا جائے گا فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی پاسبان ویلفیئر سوسائٹی ضلع خوشاب کے مرکزی سرپرست اے ڈی بھائی ہوں گے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)کسان بورڈ ضلع خوشاب کے نائب صدر ملک ابیر زر جوئیہ نے کہا ہے کہ چک نمبر26ایم بی کے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول میں ہیڈ مسٹریس سمیت کوئی بھی ٹیچر تعینات نہ ہے جو کہ یہاں کی طالبات کیساتھ سخت زیادتی ہے انھوں نے کہا کہ اس سکول میں تعینات دو ٹیچرز کا تبادلہکر دیا گیا ہے جس کے بعد طالبات بغیر ٹیچرز کے خود پڑھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سکول میں زیر تعلیم طالبات کی تعداد 128ہے۔ حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسی کا سراسر مذاق ہے انھوں نے کہا کہ مذکورہ سکول کی زبوں حالی کے پیش نظر وزیراعلیٰ کے تعلیم عام کرنے کے بلند و بانگ دعوے کھوکھلے نعرے ثابت ہو رہے ہیں انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری گورنمنٹ گرلز مڈل سکول چک 26ایم بی میں ہیڈ مسٹریس سمیت مکمل ٹیچنگ سٹاف تعیناتی کے احکام جاری کریں۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)کسان راہنمائوں ملک ابی زر جوئیہ‘ ملک غلام عباس جسرہ‘ ملک خضر حیات کہاوڑ جسرہ اور ملک محمد رمضان جوڑہ نے کہا ہے کہ چشمہ جہلم لنک کینال میں پانی کے تیز بہائو کیوجہ سے پل حافظ والی کے شمالی کونہ پر کٹائو شروع ہو گیاہے جس کی وجہ سے پل گرنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پل کے ستونوں کے کئی فٹ دور تک مٹی کٹائو کیوجہ سے پانی میں بہہ چکی ہے اور پل خطرناک حالت میں ہو چکا ہے جبکہ ٹریفک کی آمدورفت زیادہ ہونے کی وجہ سے کسی وقت بھی کوئی جانی حادثہ پیش آ سکتا ہے انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پل کی فوری حفاظتی اقدامات کرنے کے احکام جاری کریں۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)انجمن اصلاح المسلمین ہڈالی کے راہنمائوں محمد اختر اسلام بالی ‘ محمد علی اسد بھٹی‘ ماسٹر سرور بیگ‘ محمد شفاعت برگا بلوچ‘ ملک غلام محمد کھریا ٹوانہ‘ حاجی نور اﷲ خان بالی‘ ملک احمد نواز گتھی ٹوانہ اور رانا محمد یامین نے کہا ہے کہ ضلع خوشاب میں بجلی کی بندش کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ رات اور دن میں لگاتار سات سات گھنٹے بجلی بند رکھی جاتی ہے جبکہ دن رات میں 18سے 20گھنٹے روزانہ بجلی کی زبردست لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اس کے علاوہ بجلی بلوں میں اضافی یونٹ ڈال کر صارفین کو الگ ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے انھوں نے کہا کہ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے غریب عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے جبکہ برادر ملک ترکی سے منگوایا جانے والا رینٹل پاور پلانٹ 230میگا واٹ بجلی بنانے کی بجائے تقریبا 30میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور حکومت نے 18کروڑ عوام کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں کے طلباء نے ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں حصولِ تعلیم کیلئے آنے میں ٹرانسپورٹروں کی جانب سے گاڑیوں کو سکول ٹائم کے دوران گاڑیوں کے ٹائم تبدیل کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ طلباء راہنمائوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں نے سکول کے اوقات کار سے ہٹ کر گاڑیوں کے شیڈول تشکیل دیا ہے جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں کے طالب علم اپنے سکول کے مقررہ وقت پر اپنے اداروں میں نہیں پہنچ پاتے۔ اسی حوالے سے مٹھہ ٹوانہ جبی روڈ پر نہر پل جبی کے قریب سینکڑوں طلباء نے احتجاج کیا اور کئی گھنٹے روڈ بلاک کئے رکھا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹر سکولوں کے مقررہ اوقات کے دوران اپنی گاڑیاں غائب کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ہائی سکول بندیال کے ہیڈ ماسٹر نے ڈی سی او خوشاب اور ای ڈی او ایجوکیشن کو درخواست میں کہا ہے کہ سابق ہیڈ ماسٹر بندیال مہر محمد 2جنوری 2011ء کو ریٹائر ہو چکا ہے لیکن اس نے ابھی تک سکول کا چارج نہیں چھوڑا۔ درخواست میں مزید کہاگیا ہے کہ سابقہ ہیڈ ماسٹر مہر محمد نے سکول فنڈز اور سکول کے سامان میں خرد برد کا مرتکب ہے جس کی وجہ سے وہ چارج دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیاہے کہ سابق ہیڈ ماسٹر کے خلاف کاروائی کی جائے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)پولیس تھانہ جوہرآباد نے ہڈالی کے محمد اقبال ‘ عمر دراز‘ غلام مرتضیٰ‘ جمعہ خان اور شہناز خاتون کے خلاف ایک کسان محمد اجمل ٹیٹو کے رقبہ پر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کے الزام میں زیر دفعہ 447‘ 511‘ 148اور 149ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان اور مدعی فریق کے درمیان دیرینہ عداوت چلی آ رہی ہے 

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)سیٹلائٹ ٹائون جوہرآباد سٹیڈیم روڈ پر دن دیہاڑے دو نامعلوم افراد نے گن پوائنٹ پر ایک شخص ارشاد بلوچ کے گھر داخل ہو کر اہل خانہ سے لاکھوں روپے کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے پورے شہر کی ناکہ بندی کر دی۔ ارشاد بلوچ بچوں کو لینے کیلئے سکول گیا اس دوران دو افراد اس کے گھر داخل ہو گئے اور گھر میں موجود ارشاد بلوچ کے اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا اور ان سے اسلحہ کے زور پر لاکھوں روپے کے طلائی زیورات لوٹ لئے اسی دوران ارشاد بلوچ جب گھر واپس پہنچا تو اس نے ملزموں کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پسٹل کے بٹ مار کر اسے شدید زخمی کر دیا۔ فرار ہوتے ہوئے ملزمان ایک شہری شیخ محمد ابراہیم سے اس کا موٹر سائیکل بھی چھین لیا اور ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)پولیس تھانہ نورپورتھل نے موضع رکھ بلند کی مسماۃ ’’ب‘‘ کے ساتھ زبردستی زیادتی کرنے کے الزام میں دو افراد محمد انور اور یحییٰ کے خلاف زیر دفعہ 376ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق مسماۃ ’’ب‘‘ کی شادی تین ماہ قبل محمد عثمان اوڈ سے ہوئی تھی وقوعہ کے روز خاتون کا خاوند اور سسر بیمار پرسی کیلئے جوہرآباد کے ہسپتال میں آئے ہوئے تھے کہ محمد انور مسماۃ ’’ب‘‘ کے گھر آ گیا اور اس نے خاتون کو ہسپتال میں عیادت کیلئے جانے کو کہا جس پر وہ ان کیساتھ کار میں سوار ہو گئی۔ ملزمان خاتون کو ہسپتال کی بجائے ویرانے میں لے گئے جہاں انھوں نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان کر رنج تھا کہ مسماۃ ’’ب‘‘ کے والد نے محمد انور کو رشتہ دینے سے انکار کیا تھا۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)پولیس تھانہ جوہرآباد نے ایس ڈی او کینال خوشاب کی رپورٹ پر ہڈالی کے محمد شیر ‘ محمد نواز اور احمد سمیت 18کسانوں کے خلاف نہری پانی چوری کرنے کے الزام میں زیر دفعہ 430ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ متذکرہ کسان پانی چوری کر کے اپنی زمینوں کو سیراب کر رہے تھے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)پولیس تھانہ جوہرآباد نے موضع روڈہ کے ایک شخص طارق حسین جوئیہ اور اسکے ساتھی سجاد حسین کے خلاف اپنی خوش دامن کو زدو کوب کرنے اور اسے اغواء کرنے کے الزام میں زیر دفعہ 365اور 452ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق کوثر پروین کی بیٹی مسماۃ الفت شاہین کی شادی طارق حسین جوئیہ سے ایک سال قبل ہوئی تھی جبکہ الفت شاہین ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی گذشتہ روز طارق حسین اور سجاد حسین جوہرآباد اپنے سسرال کے گھر آ گئے جہاں پر موجود کوثر پروین کے ساتھ ان کی تلخ کلامی ہوگئی تو ملزمان نے اسے زدو کوب کیا اور اسے زبردستی اغواء کرنے کی کوشش کی۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)جمعیت اہلحدیث ضلع خوشاب کے امیر مولانا محمد زبیر آلِ محمد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اے پی سی کے اعلامیہ پر امریکہ کا اثر و رسوخ غالب رہا حکومت نے جان بوجھ کر امریکہ کا نام لینے سے گریز کیا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پر کسی بھی ملک کی جارحیت جنوبی ایشیاء کے امن کو تباہ کر دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المھد الشرعی جوہرآباد میں جمعیت اہلحدیث کے کارکنوں سے کے کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ‘ ایران ‘ ترکی اور چین کا کردار خطے میں پائیدار امن کیلئے بڑی اہمیت اختیار کر چکا ہے یہودی لابی ملکر پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہے اور پوری قوم دفاع وطن کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ امریکی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے باوجود پاکستان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے جو موجودہ حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ یہودی لابی کے عزائم کو سمجھتے ہوئے انھیں خاک میں ملا دے۔

جوہرآباد(سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ خوشاب نے جوہرآباد سے سندھی بھائیوں کی امدا دکیلئے سامان کا چوتھا ٹرک سندھ کیلئے روانہ کر دیا اس موقع پر ڈی سی او خوشاب گلزار حسین شاہ بھی موجود تھے ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد اکبر طارق نے بتایا کہ امدادی سامان میں آٹا‘ چاول‘ گھی‘ دالیں اور چینی وغیرہ شامل ہے قبل ازیں تین ٹرک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھیج چکی ہے۔

No comments:

Post a Comment

Please comment here for us.