Pages

Tuesday, September 08, 2009

    خوشاب ﴿خوشاب میڈیا سنٹر﴾ پاکستان مسلم لیگ ﴿ن﴾ کی تنظیمیں ٹوٹنے کے نتیجہ میں ضلع خوشاب میں اس کے عہدوں کے حصول کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اس ضمن میں اعوان اور ٹوانہ گروپوں کے درمیان زبردست رسہ کشی کا امکان ہے ان عہدوں کیلئے میاں نواز شریف نے قربانی دینے والے کارکنوں کو آگے لانے کا عندیہ دیا ہے اس لئے یہ دونوں گروپ جو ﴿ن﴾ لیگ میں نووارد ہیں اپنی اپنی کامیابی کیلئے ﴿ن﴾ لیگ کے پرانے اور مصیبتیں جھیلنے والے راہنمائوں کو آگے کھڑا کر کے خود ان کے پیچھے کھڑے ہونگے، ضلعی صدارت کیلئے ٹوانہ گروپ کی جانب سے سابق صدر مسلم لیگ ﴿ن﴾ تصور علی خان مضبوط امیدوار ہونگے اور ان کا پتہ کاٹنے کیلئے اعوان گروپ 2002ئ میں این اے 70سے ﴿ن﴾ لیگ کے امیدوار ڈاکٹر غوث محمد نیازی پر تکیہ کرے گا جنہوں نے نہ صرف اپنی جماعت کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں بلکہ 2007ئ کے الیکشن میں محض اپنی جماعت کی جیت کیلئے قومی اسمبلی کے الیکشن سے ﴿ن﴾ لیگ کے امیدوار شاکر بشیر اعوان کے حق میں دستبردار ہو گئے، ٹوانہ گروپ تصور خان کے ساتھ ن لیگ کے جنرل سیکرٹری کے طور پر ملک محمود الحسن اعوان یا ملک نور محمد اگرال کو لانا چاہے گا تاکہ اس کا پارٹی میں وزن رہے، جبکہ اعوان گروپ کی ترجیح یہ ہو گی کہ 2002ئ میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے ن لیگی امیدوار ملک حبیب نواز ٹوانہ ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری بنایا جائے ، اگر حبیب نواز ٹوانہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے اس پر تیار نہ ہوئے تو پارٹی پر گرفت رکھنے کیلئے اعوان گروپ کی سوچ یہ ہو سکتی ہے کہ سابق تحصیل ناظم ملک محمد ایوب بھا کو جنرل سیکرٹری بنایا جائے ، بہرحال آنے والے ایام میں یہ واضح ہو جائیگا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ضلع خوشاب کی اعوان اور ٹوانہ گروپ کی صورت میں دو تلواریں ایک میان میں رکھنے میں کیسے کامیاب ہونگے، قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی اس تجربہ کا مثبت نتیجہ نہیں نکال سکے اور دونوں گروپوں کی حمایت سے بیک وقت محروم ہو گئے۔


 

    خوشاب ﴿خوشاب میڈیا سنٹر﴾ مسلم لیگ ﴿ن﴾ یوتھ ونگ ضلع خوشاب کے جنرل سیکرٹری نذر حیات خان بلوچ نے ن لیگ کی تنظیم نو کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ تنظیم نو کے بعد مسلم لیگ ن انقلابی بنیادوں پر منظم کی جائے گی جس سے عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور اگر آئندہ کوئی سیاسی چیلنج درپیش ہوا تو وہ بطریق احسن اس سے نمٹ سکے گی۔ انہوں نے یوتھ ونگ کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ تنظیم نو میں پوری سرگرمی سے حصہ لیں اور کسی مفاد پرست کو کسی بھی صورت آگے نہ آنے دیں اور جن لوگوں نے پُرآشوب حالات میں پارٹی کیلئے قربانیاں دی ہیں ہمیں انہیں انکا مقام دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے۔

No comments:

Post a Comment

Please comment here for us.