Pages

Friday, February 18, 2011

وزیر اعظم پاکستان نے پیپلز ورکس پروگرام کے تحت بارہ کروڑ بیس لاکھ روپے گرانٹ کا پیکج منظور کیا ہے

خوشاب(نیوز نیٹ ورک)پیپلز پارٹی ضلع خوشاب کے صدر حاجی ملک ظل حسنین نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے پیپلز ورکس پروگرام کے تحت بارہ کروڑ بیس لاکھ روپے گرانٹ کا پیکج منظور کیا ہے ، جس کے تحت ضلع خوشاب کے ایسی آبادیاں جو بجلی سوئی گیس ، سیوریج ، اور سلیپ وغیرہ سے محروم ہیں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام مکمل کرائے جائیں گے۔ وہ خوشاب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس گرانٹ میں تین کروڑ روپے بجلی ، تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے سوئی گیس ، پانچ لاکھ ساٹھ ہزار روپے سلیپ و سیوریج کے لئے اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول خوشاب میں بے نظیر بلاک کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے، خوشاب کے محلہ حسین آبادمیں سیوریج کے لئے اسی لاکھ روپے ، جوہرآباد شہر میں سلیب وسیوریج کے لئے اسی لاکھ روپے ، نورپور میں پچاس لاکھ روپے ، قائد آبادکے لئے ساٹھ لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، علاوہ ازیں ہڈالی اور نوشہر ہ میں فراہمی گیس نالی سولنگ ، اور بجلی کی فراہمی کے محکمانہ سروے آخری مراحل میں ہیں ، اس کی تکمیل کے بعد ہڈالی کے لئے ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے اور نوشہرہ کے ایک کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیئے جارہے ہیں ، اسی طرح خوشاب کی نواحی آبادی نامیوالی سوئی گیس کی فراہمی کے سروے مکمل کرلیا گیا اس کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انھوں نے کہا وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی خصوصی ہدائت پر ضلع خوشاب کے لئے ایک میگا پروجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے ، اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ خوشاب شہر میں بے نظیر ہارٹ سنٹر تعمیر کیا جائے گا جس میں پنجاب کارڈیالوجی سنٹر کی طرز پر تمام سہولیات میسر ہوں گی ۔انھوں نے کہا کہ خوشاب میں اس سنٹرکی تعمیر سے اس کے نواحی اضلاع کی عوام بھی مستفید ہو سکے گی۔ حاجی ظل حسنین نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لئے شروع کیا گیابے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جو کہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے ہوا اس میں شکایات کے بعد از سر نو غربت سروے کیا جارہا ہے اور حکومت کے فیصلہ کے مطابق 25فروری کے بعد ضلع خوشاب کے تمام شہر وں اور دیہاتوں میں بیک وقت غربت سروے شروع ہوگا۔ اس میں بلاتفریق ، بغیر سفارش تمام حقدار گھرانوں کو شامل کیاجائیگا حکومت پاکستا ن نے اس سروے کا کام ایک غیر سرکاری تنظیم کے سپر د کیا ہے انھوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پہلے ضلع خوشاب کے اٹھارہ ہزار گھرانے شامل تھے اس سروے کے بعد تیس ہزار گھرانوں کو اس سکیم میں شامل کیا جائیگا۔ پریس کانفرنس میں سٹی صدر عباس خان ، عابد شیرازی ، اکبر بھٹی ، ریاض شاہین ، اور تنویر فاطمہ رانی سمیت دیگر رہنما موجود تھے 

No comments:

Post a Comment

Please comment here for us.