خوشاب....... ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و چیئرمین قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان علامہ سید ایاز ظہیر ہاشمی نے ملی یکجہتی کونسل کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان گذشتہ جوہرآباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں14 اپریل کو ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام مذہبی جماعتوں کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔ جس کی صدارت مولانا سمیع الحق کریں گے۔ ان حالات میں ملی یکجہتی کونسل ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جس پر تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کر کے موجودہ دہشت گردی اور سنگین حالات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دربار سخی سرور پر خود کش دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کے مزارات کے تقدس کی پامالی انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔بعدازاں سید علامہ ایاز ظہیر ہاشمی مرکزی چیئرمین قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان نے پاسبان ویلفیئر سوسائٹی ضلع خوشاب کے زیر اہتمام ’’ڈائیلاگ‘‘ بعنوان بین المذاہب ہم آہنگی برائے امن و فلاح مقامی ہوٹل جوہرآباد ضلع خوشاب میں بطور مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی برائے امن و فلاح وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور یہ شاہ عبداللہ اور بے نظیر بھٹو شہید جمہوریت کا وژن ہے اور شاہ عبداللہ نے مکہ مکرمہ میں عالمی بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن‘ مساوات اور سلامتی کا درس دیتا ہے۔ ہم امن اور فلاح کی خاطر بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر تحریک چلا رہے ہیں۔ ہم نیکی میں حکومت کا ساتھ دیں گے مگر انکے غلط کام میں سرکاری ملاں کا کردار ادا نہیں کریں گے۔ قومی امن کمیٹی کو عوام کی تحریک بنائیں گے‘ کسی کو یہ حق نہیں دے سکتے کہ وہ قرآن پاک اور دیگر الہامی کتب کا تقدس پامال کرے۔ قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کے مرکزی چیئرمین سپریم کونسل پاکستان اے ڈی بھائی اور مرکزی وائس چیئرمین میاں عطاء الرحمن طارق اور صوبائی وائس چیئرمین شکیل احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی برائے امن و فلاح کے عظیم مقصد کے لئے مجاہد ملت علامہ ایاز ظہیر ہاشمی کے ہر حکم پر لبیک کہیں گے۔ اپنی بہترین صلاحیتیں ان کے لئے وقف کریں گے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سی آئی اے‘ رائ‘ موساد کا ایجنڈا ہے۔ امریکہ کے چنگل سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ‘ اسرائیل اور بھارت کے ایجنسیوں کے ذریعے عالمی سطح پر اسلام اور وطن عزیز پاکستان کیخلاف گہری اور گھنائونی سازش میں ملوث ہے لیکن انشاء اللہ قومی اور ملی یکجہتی کی بدولت عالم اسلام کے مسلمان اور پاکستان کے غیور عوام یہود و ہنود کے مذموم مقاصدکو خاک میں ملا کر دینگے۔
No comments:
Post a Comment
Please comment here for us.