Pages

Tuesday, October 11, 2011

11-10-2011

خوشاب (سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کے رکن ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں صوبائی حکومت کی تمام مشینری اس قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے ہر لمحہ کوشاں ہیں وہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جوہرآباد میں ڈینگی کے خاتمہ کی مہم کے سلسلہ میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے انھوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ڈینگی سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور جو لوگ بھی اس حوالے پہلے معلومات رکھتے ہیں وہ دوسروں کو گائیڈ کریں تاکہ اس مشکل سے نجات حاصل کرنے میں مدد مل سکے ۔ سیمینار سے کالج کی پرنسپل محترمہ ذاکرہ ضیاء اور پروفیسر مسز خاور نے  خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ ہمیں اپنے اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرنی چاہیے کیونکہ ڈینگی جیسی موزی مرض اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کی وجہ سے ہم پر نازل ہوئی ہے 

خوشاب(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی لیبر بیورو ضلع خوشاب کے صدر اور پنجاب کونسل کے ممبر ملک محمد علی اعوان نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لاکھوں بے سہارا گھرانوںکو سپورٹ میسر ہوئی ہے جبکہ ہمارے مخالفین کے عوامی خدمت کے تمام نام نہاد منصوبے بری طرح فلاپ ہوچکے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے نوائے جمہور سے ٹیلی فونک بات چیت میں کیا انھوں نے کہا  کہ تخت لاہور کے شہنشاہوں کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ غریبوں کے شب و روز کس طرح گذ ر رہے ہیں ، کبھی تو سستی روٹی کے نام پر پنجاب کے عوام کے ٹیکس کو لوٹا جاتا ہے اور کبھی ٹیکسی سکیم کے تحت سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کی گھنائونی سازش کی جاتی ہے ملک علی اعوان نے کہا کہ ملک صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں استحکام کی طر ف گامزن ہے جبکہ مشکل میں بھاگ جانے والے سیاست دان ان کی سیاسی بصیرت سے شدید خوف میں مبتلا ہیں


خوشاب (نامہ نگار)ہومیو پیتھک ڈاکٹر محمد مسعود اختر اور ہومیو ڈاکٹر محمد افتخار عالم نے کہا ہے کہ ڈینگی بخار کا علاج مرض نہیں ہے اب تو ہومیوپیتھی طریقہ علاج میں اس کا علاج مکمل کیا جا رہا ہے عوام کو اس سے خوف کھانے کی قطعاًضرورت نہیں بلکہ ہمت اور حوصلہ سے اسلامی طریقہ زندگی پر عمل کر کے اس کا مقابلہ کرنا چاہئیے اور کسی بھی قسم کے بخار میں گھبرانے کی بجائے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں ستمبر 2011میں حنظلہ ہومیو پیتھک سٹور خوشاب پر ڈاکٹر محمد افتخار عالم اور ڈاکٹر فاروق الحسن کے زیر نگرانی ڈینگی بخار سے بچائو کیلئے حفاظتی خوراک تقریباً5500(ساڑھے پانچ ہزار )افراد میں مفت تقسیم کی گئی اور اب مورخہ 12-10-2011کو حنظلہ ہومیو پیتھک سٹور خوشاب پر ڈینگی بخار سے بچائو کے سلسلہ میں فری میڈیکل کیمپ لگایا جا رہا ہے جس میں ہومیو پیتھک ڈاکٹر محمد افتخار عالم مریضوں کا مفت معائنہ کریں گے اور دوا بھی دی جائے گی 

قائدآباد (تحصیل رپورٹر )4 مسلح اسلحہ اشخاص گھر میں گھس کر خواتین کے کپڑے پھاڑ دئیے،تشدد کا نشانہ بنایا ، تفصلات کے مطابق اوکھلی موہلہ کے رہا ئشی محمد یقوب ڈھڈی کے گھر میں درمیانی شب چور چوری کے لیے گھس گئے جہاں گھر میں موجود خواتین کے شور مچانے پر خواتین پر اسلحہ کی نوک پر کپڑے پھاڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، مدعی محمد یقوب ڈھڈی کی دراخوست پر ملزمان عطر خان ،اصغر خان وغیرہ اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف پولیس تھانہ قائدآباد نے مقدمہ درج کرلیا،

قائدآباد (تحصیل رپورٹر )ٹریکٹر کے کاغذات نہ دینے پر مقدمہ درج تفصلات کے مطابق گنجیال کے رہائشی محمد اقبال نطقال اور محمدافضل خٹکی کے درمیان ٹریکٹر کاسوداہو ا اور اقبال نامی شخص نے افضل کو ٹریکٹر ٹرنسفر لیٹر بنانے کے لیے رقم وصول کی مگر ٹر یکٹر کے ٹرنسفر لیٹر بناکر نہ دیا جس کے نتیجہ میں افضل کی رپورٹ پر محمد اقبال کے خلاف پولیس تھانہ قائدآبادنے مقدمہ درج کر لیا ،

قائدآباد (تحصیل رپورٹر )اسسٹنٹ کمشنر میاں فاروق صادق نے بازاروں میں چھاپہ مار کر نا جائز منا فع خوروں کے خلاف کاروائی کر تے ہو ئے ارشد مرغ مروش کو 180 روپے کی بجائے دو سو روپے فی کلوگوشت فروخت کرنے پر 2000 ہزار روپے جرمانہ جبکہ اکبر کریانہ مرچنٹ کو 1000 روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے ،

قائدآباد (تحصیل رپورٹر )قائدآباد میں امن کمیٹی کے قائم سے علاقے میں امن قائم ہو نے میں معاونت ہو گی شہری جاوید مرشد ،ملک ظہورخان،ملک مرتضیٰ،ذوالفقارمانے خیل نے امن کمیٹی پنجاب کے وائس چہیرمین تصور اعجاز سے آفس میں ملاقات کی انہوں نے کہا کہ تصور اعجازکی شب وروزمحنت سے علاقے میں امن اور بھائی چارے کی فضاء قائم ہوگی انہوں نے کہا کہ مختلف برادریوں کوباہمی افہام وتفہم سے مل کر درینہ دشمنوں کاخاتمہ کیا جاسکتا ہے

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)کسان بورڈ ضلع خوشاب کے راہنمائوں محمد افضل بگھور‘ ناصر اقبال سگو ارکان ملک خضر حیات کہاوڑ جسرہ اور راجہ طارق مسعود ایاز نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر نورپورتھل میں قائم گورنمنٹ بوائز اور گرلز کالج مین تدریسی عملہ کی متعدد آسامیاں خالی پڑی ہیں تدریسی سٹاف کی کمی کے سبب طلبہ و طالبات کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔  انھوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گرلز اور بوائز کالجوں میں تدریسی سٹاف کی خالی آسامیوں کو فی الفور پر کیا جائے۔

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)پاسبان ویلفیئر سوسائٹی ضلع خوشاب نے سیلاب زدہ افراد کیلئے امدادی کیمپ‘ یتیم غریب بچوں اور بیوائوں کیلئے عید گفٹ فنڈ‘ علم و ادب کے فروع ‘ خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود‘ اتحاد بین المسلمین اور قومی یکجہتی کے فروغ سمیت ہر میدان میں سماجی بہبود اور بے سہارا دکھی انسانیت کی خدمت میں منظم کردار ادا کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاسبان یوتھ ویلفیئر سوسائٹی ضلع خوشاب کے ضلعی صدر ملک ضمیر حیدر ماہل نے مٹھہ ٹوانہ میں ایک غریب خاندان کی بیٹی کی شادی کے موقع پر 40ہزار روپے مالیت کا جہیز کا سامان دینے کی ایک تقریب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت خدمت خلق میں سوسائٹی کو ضلع خوشاب میں منفرد مقام حاصل ہے۔

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکمران اے پی سی کی قرار داد پر عمل نہ کر کے ملکی وحدت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ قرار داد پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کانفرنس میں شامل جماعتوں میں حکومت کے متعلق شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔ وہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ نااہل وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے قوم میں مایوسی پھیلا رکھی ہے عوام جن مصائب و مشکلات سے گزر رہے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی مہنگائی کا جن غریبوں کو نگل رہا ہے ‘ بجلی ‘ سوئی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے شہریوں کی اکثریت اذیت کا شکار ہے۔ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ حکمرانوں نے اقرباء پروری کی انتہا کر کے قومی ادارے تباہ کر دیئے ہیں ریلوے‘ واپڈا اور پی آئی اے سمیت تمام قومی ادارے کرپشن کی تباہی کے دہانے پر ہیں جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی راہنما ملک محبوب الرسول قادری کی طرف سے مولانا شاہ احمد نورانی کے والد گرامی حضرت علامہ شاہ عبدالعلیم صدیقی کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں شائع ہونیوالی نئی تصنیف ’’حضرت سفیر اسلام نمبر‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقی تحریک خلافت ‘ تحریک ختم نبوت اور تحریک پاکستان کے عظیم مجاہد تھے جن کا شمار بین الاقوامی شہرت یافتہ مبلغین میں ہوتا ہے, سفیر اسلام نمبر کی تقریب رونمائی سے جمعیت علماء پاکستان کے نائب صدر صاحبزادہ محمد اویس نورانی ‘ مفتی عارف حسین گولڑوی‘ صوبائی صدر ڈاکٹر محمد جاوید اعوان‘ صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اختر‘ قومی اسمبلی کے رکن ملک شاکر بشیر اعوان‘ ممتاز عالم دین علامہ محمد اسماعیل فقیر الحسنی‘ پنجاب بار کونسل کے سابق رکن حافظ خان محمد ماہل ایڈووکیٹ‘ معروف ماہر تعلیم پروفیسر ملک الطاف عابد اعوان‘ جماعت اہلسنت ضلع خوشاب کے امیر مولانا دلدار حسین رضوی‘ علامہ پروفیسر جاوید اقبال کھارا اور ملک محبوب الرسول قادری نے بھی خطاب کیا۔  بعد ازاں جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے ممتاز قادری کی سزا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا 

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)علوی ٹرسٹ سوڈھی جے والی خوشاب کی طرف سے سندھ کے سیلاب زدگان کیلئے ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا ایک ٹرک سندھ بھیجا گیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن ملک شاکر بشیر اعوان بھی موجود تھے پہلی کھیپ ڈاکٹر غلام محی الدین کی نگرانی میں بھجوائی گئی ہے ٹرسٹ کے منتظمین نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ سندھی بھائیوں کی امداد کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)نامعلوم چور جوہرآباد شہر کے مختلف علاقوں بلاک نمبر6 ‘ حیات کالونی‘ عظمت کالونی اور مظفر گڑھ روڈ سے ملحقہ آبادیوں سے ٹیلیفون کی کیبل چوری کر کے لے گئے جس کی وجہ سے شہر کے سینکڑوں ٹیلیفون خاموش ہو گئے۔ پولیس تھانہ جوہرآباد نے اسسٹنٹ انجینئر پی ٹی سی ایل کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف  تقریبا ایک لاکھ روپے مالیت کی کیبل چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔#

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)پولیس کی ایک چھاپہ مار پارٹی نے انسپکٹر محمد رمضان سگو کی معیت میں ایک منشیات فروش شاہد محمود ماچھی کو گرفتار کر لیا ملزم کے قبضہ سے 152گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے پولیس تھانہ جوہرآباد نے ملزم کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)پولیس تھانہ قائدآباد نے 4افراد اطہر خان ‘ خان اصغر ‘ عصمت اﷲ پٹھان اور اس کے ایک نامعلوم ساتھی کے خلاف  موضع اوکھلی موہلہ میں ایک کسان محمد یعقوب کے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہو کر اس کے اہل خانہ کو شدید زدو کوب کرنے اور خواتین کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد یعقوب اور اس کی فیملی گھر میں سوئی ہوئی تھی کی آتشیں اسلحہ سے مسلح ملزمان گھر میں گھس آئے اہل خانہ کے جاگنے پر انھوں نے انھیں زدو کوب کیا تاہم شور واویلہ پر وہ فرار ہو گئے۔

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)اسلامی جمعیت طلبا کے زیر اہتمام لاہور میں ہونے والے اجتماع کے حوالے سے روڈ کارواں کے ذیعے ضلع خوشاب کے کالجوں اور سکولز میں طلباء سے رابطہ کیا گیا جہاں سے 1500طلباء ضلع خوشاب سے اجتماع میں شریک ہونگے۔ اسلامی جمعیت طلبا ضلع خوشاب کے ناظم معراج الرسول ‘ جنرل سیکرٹری اعراف رسول نے بتایا کہ یہ اجتماع ملک اسلامی نظام کے نفاذ میں مفید ثابت ہوگا موجودہ حکمرانوں نے ملک کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے طلباء 15اور16اکتوبر کو پنجاب یونیورسٹی لاہور میں ہونیوالے اجتماع حکمرانوں کیخلاف آخری کیل ثابت ہوگا اسلامی جمعیت طلباء نوجوانوں کو سیاسی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گی۔#

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ پورٹر)ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر خوشاب نے جعفر حسین بھٹہ نے کہا ہے کہ واٹر اینڈ سینیٹیشن پراجیکٹ خوشاب کی 23یونین کونسلوں میں مکمل کیا جائے گا جعفر حسین بھٹہ نے پراجیکٹ کو مسلم ایڈ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جس میں واٹر اینڈ سینیٹیشن کے حوالہ سے ان یونین کونسلر میں آگاہی مہم ‘ لوگوں میں صحت و صفائی کے سلسلہ میں ایک ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے مختلف محکمہ جات کے اہلکاران نے شرکت کی محکمہ جات میں محکمہ صحت‘ ٹی ایم اے ‘ پبلک ہیلتھ‘ محکمہ تعلیم‘ سوشل ویلفیئر اور ضلع کی این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں پراجیکٹ کے حوالہ سے بریف کیا گیا اور تمام لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں ہماری مدد کریں۔ تحصیل خوشاب سے 16یونین کونسلوں اور تحصیل نورپورتھل سے 7یونین کونسلوں کو شامل کیاگیا ہے۔ ان تمام دیہاتوں اور شہری آبادی میں اس پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے گا۔

جوہرآباد (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے غلہ منڈی جوہرآباد کے 6دوکانداروں کی طرف سے دائر کردہ پٹیشن نمٹاتے ہوئے سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوکانوں کے اندر دو ماہ کے اندر فیصلہ کر کے عدالت کو مطلع کریں۔ یہ رٹ پٹیشن غلہ منڈی جوہرآباد کے دوکانداروں خدا دا د‘ عبداﷲ ‘ نذر محمد‘ محمد جاوید‘ ناصر محمود اور محمد وقاص نے دائر کی تھی جس میں ڈی سی او خوشاب ‘ ڈی او آر ‘ ٹی ایم او ‘ ڈائریکٹر محکمہ ہائوسنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ہائوسنگ کو فریق بنایا گیا تھا۔  پٹیشن میں کہا گیا تھا کہ ضلعی حکومت ان کی خریدی ہوئی دوکانوں کی سامنے ان کی اپنی تعمیر شدہ دوکانوں کو تجاوزات کی آڑ میں گرانا چاہتی ہے فاضل عدالت نے رٹ پٹیشن کی ابتدائی سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کر دیا تھا پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ہائوسنگ کئی دوکانداروں کو ان کی دوکانوں سے ملحقہ اوپن سپیس فروخت کر چکا ہے لہذا انھیں بھی ان کی دوکانوں کے متعلق اوپن سپیس فروخت کی جائے۔#

خوشاب(بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کی قیادت نے چوہدری پرویز الہی کی قیادت میں سول لائن جوہرآباد میں پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع خوشاب سے ملاقات کی ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کی قیادت ملک عبدالباسط راجڑ نے کی جبکہ مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کی قیادت ملک طارق اعوان پنجہ نے کی ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید حسنین شاہ ضلعی نائب صدر ملک شفقت امیر اعوان ، پی پی 40کے صدر ملک ظفر اقبال جھنڈے خیل اور پی پی پی 40کے جنرل سیکرٹری سمیع الحق اعوان بھی موجود تھے ۔ ملک طارق اعوان نے کہا کہ پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدے داران سے ملاقات چوہدری پرویز الہی کی خصوصی ہدایت پر کی گئی ۔ جس میں انھوں نے دونوںپارٹیوں کے درمیان رابطہ کو لازمی قرار دیا ہے

خوشاب(مائنٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سربراہ میاںمحمد نواز شریف کی مسلم لیگ ق کی ایم این اے اور سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک سے خصوصی ملاقات ، ضلع خوشاب کی سیاست کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا،میڈیا میں یہ خبر نشر ہوتے ہی عوامی سماجی حلقوں میں اس ملاقات کے حوالے چہ مگوئیوں کا آغازہوگیا ۔


No comments:

Post a Comment

Please comment here for us.